18 مئی ، 2015
اسلام آباد ........پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے سانحہ صفورا کو سازش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو ہٹایا جا رہا ہے اور نہ گورنر راج سے کوئی خوف ہے، ملکی سیاست میں کردار ادا کرنے کےلیے بلاول دوبئی پہنچ چکے ہیں، جلد پاکستان آئیں گے۔ زرداری ہاؤس اسلام آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے آصف زرداری کا کہناتھا کہ کراچی میں تمام تر صورت حال کے باوجود کاروبار زندگی معطل نہیں ہوا، سانحہ صفورا ایک سازش ہے لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ گورنر اور وزیر اعلیٰ کو تبدیل کیا جائے، اٹھارہویں آئینی ترمیم کے بعد اب یہ آسان نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے خود رینجرز کو اپنی مدد کے لیے بلا رکھا ہے تا کہ امن بحال ہو سکے، مارشل لاء کے دور میں سندھ میں ڈاکو راج تھا، اب حالات بہت بہتر ہو چکے ہیں۔ آصف زرداری نے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ ان کی قیادت کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچ رہا ہے، کچھ نہ ہونے کے باوجود رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ بنوانا کوئی معمولی بات نہیں، جمہوریت کو ڈی ریل نہیں ہونے دیں گے بلکہ جمہوریت کے پھول کو پانی دیتے رہیں گے تا کہ یہ مرجھا نہ جائے۔ آصف زرداری کا کہناتھا کہ چین کے ساتھ انہوں نے ایک ہزار میل کی اقتصادی راہداری کی بات کی تھی لیکن اب اگر حکومت اسے ڈیڑھ ہزار میل کرنا چاہتی ہے اور چین راضی ہے تو تمام سیاسی جماعتوں کو راضی کرنے کے لیے کردار ادا کرنے پر تیار ہوں۔آصف زرداری کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان اور بھارت کے تعلقات مثالی نہیں ہیں لیکن امید ہے کہ میاں نواز شریف ضرور کوئی راستہ نکالیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان آنے کے لیے دبئی پہنچ گئے ہیں،جلد پاکستان آکر اپنی بہنوں کے ساتھ مل کر فعال سیاست کریں گےاورپرانے پارٹی ورکرز کے بچوں کو بھی ساتھ ملا ئیں گے۔