26 مئی ، 2015
کراچی.......کراچی میں ڈینگی سے رواں سال کی پہلی ہلاکت سامنے آگئی ہے۔ حکام کے مطابق کراچی سمیت اندرون سندھ میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 370 تک جا پہنچی ہے۔ ماہرین طب کا کہنا ہے کہ ڈینگی مچھر صاف پانی میں افزائش پاتا ہے جس کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کرلی جائیں تو باآسانی اس مرض پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کا 10سا لہ رہائشی دو روز قبل نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جو گزشتہ روز دم توڑ گیا جو رواں سال ڈینگی سے پہلی ہلاکت ہے۔ ڈینگی پریوینشن اینڈ کنٹرول پروگرام کے ترجمان کے مطابق کراچی سمیت اندرون سندھ میں جنوری سے لے کر اب تک 370 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ متاثرہ مریضوں میں سے 360کا تعلق کراچی 2 کا حیدرآباد، میر پورخاص، عمر کوٹ،سانگھڑ،سکھر سمیت شکارپور میں ایک ایک فرد میں ڈینگی کی تصدیق ہو ئی ہے۔ ماہرین طب کے مطابق ڈینگی کی علا مات میں سر میں شدید درد،تیز بخار، متلی اور جسم کے مختلف حصوں سے خون کا آنا شامل ہے۔ ڈینگی کے بچاؤ کے لئے مچھر مار ادویات کا استعمال،گھر میں موجودنرسریوں،گلدانوں میں جمع پانی کو تبدیل کرنا، اور کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہونے دینا ضروری اقدامات میں شامل ہے۔