28 مئی ، 2015
ممبئی........بھارتی اداکار سلمان خان کے ہٹ اینڈ رن کیس میں نیا انکشاف سامنے آیا ہے کہ کیس کی فائلیں 3سال پہلے ہی جل کر راکھ ہوچکیں،مہاراشٹرا کی حکومت کے پاس اب کوئی ریکارڈ نہیں۔ا س بات کا انکشاف بھارتی میڈیا نے کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کا مزید کہنا ہے کہ سماجی کارکن منصور درویش نے اطلاعات تک رسائی کے قانون کے تحت سلمان خان کے مقدمے کا ریکارڈ مانگا تھا،جس پر حکام کا منصور درویش کو جواب دیاکہ سلمان خان کے کیس کی فائلیں21 جون 2012ء کو سرکاری دفتر میں لگی آگ کی نذر ہوچکی ہیں۔منصور درویش کا کہنا ہے کہ مہاراشٹرا حکومت کے محکمہ داخلہ اور لاءاینڈ جیوڈیشری ڈپارٹمنٹس کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں، کیس سے جڑے سرکاری و دیگر وکیلوں اور قانونی مشیروں کی معلومات کی درخواست کی تھی، 2002ء سے 6مئی تک کیس پر آنے والے اخراجات کے بارے میں بھی سوال کیا، سلمان خان پرالزام ہے کہ انہوں نے 28ستمبر 2002ءکوباندرہ میں اپنی لینڈ کروزر فٹ پاتھ پر چڑھادی تھی، جس سے فٹ پاتھ پر سویا ہوا ایک شخص ہلاک اور 4زخمی ہوگئے تھے اور سلمان خان فرار ہوگئے تھے۔ اس کے بعد 6مئی کو سلمان خان کو اس کیس میں5سال قید کی سزا سنائی گئی۔ سلمان خان نے سزا کے خلاف اپیل دائر کی اور ممبئی ہائی کورٹ سے ضمانت پر رہا ہوئے۔ واضح رہے کہ سلمان خان اس وقت دبئی پہنچے ہوئے ہیں، جہاں وہ ایک تقریب میں پرفارم کریں گے۔