10 جون ، 2015
پشاور .....بلدیاتی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف پشاور میں سہ فریقی اتحاد کی جانب سے شٹرڈاون ہڑتال اور مظاہروں کے اعلان کے بعد سکیورٹی الرٹ ہے۔ پولیس حکام کہتے ہیں کسی کو بھی زبردستی دکانیں بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ پولیس حکام کے مطابق اندرون شہر، کینٹ اور دیگرعلاقوں کے تجارتی مراکز پر پولیس تعینات کی گئی ہے۔ اسی طرح شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر تعینات پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو بھی الرٹ کردیاگیاہے۔ حکام کاکہنا ہے کہ شٹرڈاون ہڑتال اور مظاہروں کے موقع پر امن و وامان برقراررکھنے کیلئے فرنٹیئر ریزرو پولیس کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو زبردستی دکانیں بند کرانے کی اجازت نہیں دی جائیگی، اگر ایسا کیاگیا تو ان کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔