14 جون ، 2015
پشاور..........ماہ رمضان کی آمد آمد ہے، پشاور کے اتواربازار میں خریداروں کا رش نظر آیا تاہم سستے اتواربازار میں اشیاء خوردونوش مارکیٹ ریٹ پر ہی مل رہی ہیں۔ رمضان کی آمد پر پشاورشہر کے اکلوتے اتوار بازار میں خریداروں کا کافی رش نظر آیا لیکن یہاں بھی سبزی، پھل اور دالیں اوپن مارکیٹ ریٹ پر ہی دستیاب تھیں۔ کسی نے مہنگائی کا شکوہ کیا تو کسی نے دستیاب قیمت پر ہی اکتفاکرلیا۔اتوار بازار پشاور کے پوش علاقہ حیات آباد میں لگنے کے باعث مخصوص طبقہ ہی اس سے مستفید ہوتاہے۔ بازار انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقداما ت کررہے ہیں۔ اتواربازار میں مرغی کا گوشت 198 روپےاور گائے کاگوشت 240 روپے فی کلو فروخت ہوتارہا ۔ شہری اس کے غیر معیار ی ہونے کی شکایات کرتے دکھائی دیئے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت شہر کےدیگرمقامات پر بھی سستے بازار لگائے تاکہ ماہ رمضان کے دوران سستی اشیاء کا حصول ممکن ہو۔