14 جون ، 2015
اسلام آباد...........جماعت اسلامی نے عالم اسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر میانمار سے سفارتی تعلقات ختم کر کے اس کے سفیروں کو ملک بدر کریں، اسلامی ممالک روہنگیا مسلمانوں کے لیے امدادی ٹیمیں بھیجیں۔اسلام آباد میں جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج عالم اسلام سمیت پوری دنیا نہ صرف روہنگیا مسلمانوں بلکہ انسانیت کے قتل عام پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی ممالک فوری طور پر برما سے سفارتی تعلقات منقطع کریں اور اس کے سفیروں کو ملک بدر کریں۔سراج الحق کاکہنا تھا کہ وزیر اعظم پاکستان کو خود میانمار جاکر پاکستانی عوام کے جذبات وہاں کی حکومت کو پہنچانے چاہییں، مظاہرے سے روہنگیا کے نمائندے محمد عبدللہ المعروف نے بھی خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج مجبور اور مظلوم مسلمان اپنے مسلمان بھائیوں کو مدد کے لیے پکار رہے ہیں، پاکستانی عوام سے ان کو بہت سی توقعات ہیں ان کی مدد کی جائے۔