19 جون ، 2015
اسلام آباد........اسلام آباد کے قائم مقام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے عبدالرشید غازی قتل کیس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ اسلام آباد کے قائم مقام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کامران بشارت مفتی نے عبدالرشیدغازی قتل کیس میں ملزم پرویز مشرف کی جانب سے حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست مسترد کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے دوبارہ پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔عدالت نے پرویز مشرف کو گرفتار کر کے 24 جولائی کو عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف آئندہ پیش نہ ہوئے تو ان کے ضامنوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ضمانتی مچلکے ضبط کر لیے جائیں گے۔اس سے قبل ایڈیشنل سیشن جج واجد علی نے بھی پرویز مشرف کے وارنٹ جاری کیے تھے جسے اسلام آباد ہائی کورٹ نے معطل کر دیا تھا۔