20 جون ، 2015
کراچی......کراچی سے حراست میں لیے جانے والے فشریزآفیسر سلطان قمر صدیقی سے دوران تفتیش اہم انکشافات سامنے آئے ہیں، سلطان صدیقی کے اب تک 70 کروڑ کے اثاثوں کا بھی سراغ لگا لیا گیا ہے۔ملزم لیاری گینگ وار کا پیسہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھی بھجواتا تھا۔رینجرز کی حراست میں نوے روز کے ریمانڈپر فشریز آفیسر سلطان قمر صدیقی نےتفتیش کےدوران اہم انکشافات کیے ہیں۔ذرائع کے مطابق سلطان قمر صدیقی نے دوران تفتیش اب تک اپنے 70 کروڑ کے اثاثوں کا انکشاف کیا ہےجس میں شامل ہیں ایک بنگلہ ، اسلحہ کی دکان اور گاڑیوں کے دو شوروم ۔ذرائع کے مطابق قمر سلطان نے تفتیش میں بتایا کہ وہ لیاری گینگ وار کا پیسہ ہنڈی کے ذریعے بیرون ملک بھجوایا کرتا تھا۔ملزم قمر سلطان نے یہ بھی بتایا ہے کہ وہ بھتے کی رقم کا 10 فیصد کالعدم قوم پرست جماعت اور 10 فیصد لیاری گینگ وار کے کارندوں کو دیتا تھا۔ سلطان قمر نے بتایا کہ مچھلی مارکیٹ سے حاصل ہونے والی رقم کا 10 فیصد وہ خود رکھ لیتا تھا ۔ ذرائع کے مطابق قمر سلطان نے کئی بڑے تاجروں کے نام لئے ہیں جن سے وہ ماہانہ رقم بھی لیتا تھا۔