21 جون ، 2015
لندن.........انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری 5ایک روزہ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ آج چیسٹرلی اسٹریٹ کے ریور سائیڈ گرائونڈ میں کھیلا گیا۔ میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت 3وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-3سے جیت کر سیریز ٹرافی اپنے نام کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق میچ میں انگلش ٹیم نے ٹاس جیت کر کیوی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، تو کیوی ٹیم نے مقررہ 50اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 283رنز اسکور کیے، کیویز کی جانب سے مارٹن گپٹ67، کین ولیمسن50، راس ٹیلر47 اور بین وہیلر39 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ انگلش ٹیم کی جانب سے بین اسٹوکس نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ بارش کی وجہ سے 284رنز کا ہدف 26اوورز میں 192رنز تک محدود کردیا گیا، جو انگلش ٹیم نے 1اوور پہلے ہی حاصل کرلیا، انگلش ٹیم کی جانب سے جونی بیرسٹو نے ناقابل شکست 83رنز کی اننگز کھیل کو ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا، تاہم کیویز کی جانب سے مچل سینٹنر نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے بعد 23جون کو واحد ٹی20 میچ مانچیسٹر میں کھیلا جائے گا، جس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان مکمل سیریز اپنے اختتام کو پہنچ جائے گی۔