21 جون ، 2015
گوجرانوالہ ........گوجرانوالہ میں ری پولنگ کے دوران پولیس کو دھمکیاں دینے کے الزام گرفتار ن لیگ کے رہنما تماں بٹ کو رہائی مل گئی ۔قانون نے بھی آج بہت تیزی دکھائی ،آج ہی گرفتار کیا،آج ہی ضمانت ملی اور آج ہی پولیس نے تماں بٹ کو رہا بھی کردیا ۔ جج چھٹی پر تھے لیکن پولیس نے بھی رہا کراکر ہی دم لیا۔پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 97 گوجرانوالہ میں ری پولنگ کے دوران ن لیگی رہنما تماں بٹ کی پولیس سے تکرار انہیں حوالات لے گئی، لیکن پولیس کی جلد بازی نے ضمانت بھی کرالی۔پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 97 گوجرانوالہ کی ری پولنگ کے دوران ن لیگی رہنما تماں بٹ کی پولیس سے تکرار سے انہیں ایک بار پھر حوالات کی ہوا کھانی پڑی ، لیکن لگتا یوں تھا کہ تماں بٹ کی ضمانت کی ، خود ان سے زیادہ پولیس کو جلدی تھی۔ تماں بٹ کیخلاف کارسرکارمیں مداخلت اوردھمکیاں دینے پر تھانا گکھڑمنڈی میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد تماں بٹ کووزیرآباد میں ڈیوٹی مجسٹریٹ کی عدم موجودگی پر دوسرےجج کے سامنے پیش کیا گیا۔ فاضل جج نے یہ کہہ کرتماں بٹ کا کیس سننے سے انکار کردیا کہ یہ اتنا اہم کیس نہیں ، آخر پولیس کو کیا جلدی ہے؟ملزم کوکل پیش کیاجائے، یہاں سے مایوس ہونے کے بعد پولیس نے تماں بٹ کو دوسرے مجسٹریٹ وسیم حسن کی عدالت میں پیش کردیا ، جہاں عدالت نے50 ہزار روپےکے مچلکے پر تماں بٹ کی ضمانت منظور کرلی۔