21 جون ، 2015
کراچی..........ایسا لگتا ہے کہ سورج گرمیوں کی چھٹیوں میں پاکستان آیا ہوا ہے، آج بھی سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے کئی شہروں میں آسمان سے آگ برستی رہی، آگ برساتا ہوا سورج، بڑھتا ہوا درجہ حرارت اور گرم ہوا کے تھپیڑوں نے عوام کو بے حال کردیا ہے۔ اتوار کی چھٹی تھی، سال کا سب سے بڑا دن تھا اور یہ بھی چرچے تھے کہ آج گرمی کل سے بھی زیادہ پڑے گی، سو زیادہ تر لوگ گھر میں ہی دبک کر بیٹھے رہے، شہروں میں سڑکیں اور گلیاں سنسان رہیں مگر گھروں میں لوڈشیڈنگ نے برا حال کیے رکھا، اس گرمی سے آج نہ صبح سویرے چھٹکارا ملا نہ شام کی ہوائوں نے اس پر کچھ اثر کیا، دن بھر لو کے جو تھپیڑے چلے ان کا اثر شام کو بھی محسوس کیا جاتا رہا۔ سندھ سے خیبر تک ہر جگہ بچے،بڑے،بوڑھے سب گرمی سے بلبلاتے رہے، چھتوں کے پنکھے چلے تو بھی گرم ہوا دیتے رہے، افطار میں ٹھنڈے مشروبات کا استعمال بھی کافی بڑھ گیا۔آج سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا، نوکنڈی والوں نے 47 ڈگری اور سبی والوں نے 44 ڈگری کی گرمی برداشت کی، ساحلی شہر کراچی بھی کسی افریقی شہر کی طرح 43 ڈگری سینٹی گریڈ پر تپتا رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے منگل کے دوران میرپورخاص ڈویژن کے چند مقامات پرتیزہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے جبکہ اتوار سے بدھ کے دوران پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، فیصل آباد، سرگودھا اور ساہیوال ڈویژن کے چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ پیر سے جمعرات کے دوران ڈی آئی خان، ژوب، سبی، ملتان، ڈی جی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بھی بارش کی پیش گوئی ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب،خیبر پختونخوا،میرپور خاص ڈویژن ،کشمیر اور گلگت بلتستان کے چند مقامات پر تیز بارش کا امکان ہے۔