22 جون ، 2015
کراچی.......کراچی میں آگ برساتی گرمی کی لہر برقرار، طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری، شہریوں نے چوتھا روزہ بھی جھلستے اور تڑپتے ہوئے گزارا، شام کے وقت بعض علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہوگیا۔ کراچی میں رمضان المبارک کا چوتھا روزہ بھی، پچھلے تین روزوں کی طرح غضب ناک گرمی کی لپیٹ میں رہا، دوسرا عذاب لوڈ شیڈنگ کی صورت میں برقرار رہا اور شہر کے بیشتر علاقوں میں سحری کے وقت بجلی غائب تھی، ہوا میں نمی کا تناسب خاصا کم تھا جس کے باعث سورج نکلنے سے قبل بھی حبس اتنا تھا کہ سانس لینا دوبھر ہوگیا، سورج طلوع ہونے کے بعد گرمی کی جان لیوا شدت اور بڑھی اور دوپہر تک درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا۔ روزے دار وقفے وقفے سے ہونے والی لوڈ شیڈنگ کے باعث جھلستے، تڑپتے اور کے الیکٹرک کو برا بھلا کہتے رہے۔ آج جن علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ ہوئی ان میں گلستان جوہر،نارتھ کراچی، سرجانی ٹاؤن، لائنز ایریا،لانڈھی،اورنگی ٹاون،عزیز آباد، سر سید ٹاؤن، ملیر اور کورنگی کے مختلف علاقے، کیماڑی، محمود آباد اور منظور کالونی شامل ہیں۔ گرمی اور حبس سے بچنے کیلئے لوگ گھروں سے نکل کر پارکوں اور گلی محلوں میں لگے درختوں کے نیچے بیٹھ کر بارش کی دعائیں مانگتے رہے اور یہ اُن کی دعاوں ہی کا اثر تھا کہ شام کے وقت بادل بھی چھائے اور بارش کی ٹھنڈی بوندیں بھی برسیں،جن مقامات پر ہلکی اور تیز بارش ہوئی ہوئی اُن میں گلشن اقبال، اولڈ سٹی ایریا، ناظم آباد، نارتھ کراچی اور لانڈھی سمیت دیگر علاقے شامل ہیں۔ بارش اور بوندا باندی کے باعث گرمی کی شدت اور لوڈ شیڈنگ سے ستائے لوگوں کے چہرے کھل اُٹھے۔