23 جون ، 2015
اسلام آباد....... حکومت سندھ نے 60 ارب روپے کے بجلی بقایا جات ادا نہ کیے تو حیسکو اور سیپکو سرکاری اداروں کے کنکشن کاٹ دیں گی ۔وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے صوبائی وزیر خزانہ مراد علی شاہ کو خط لکھ دیا۔ذرائع وزارت پانی و بجلی کے مطابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بجلی بقایا جات کے معاملے پر سندھ کے وزیر توانائی و خزانہ مراد علی شاہ کو خط لکھا ہے ۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ اپنے ذمہ 60 ارب روپے کے بجلی بقایا جات کی ادائیگی کرے، ورنہ حیسکو اور سیپکو کے پاس سرکاری اداروں کے کنکشکن کاٹنے کے سوا کوئی چارہ نہیں ہو گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے بجلی بقایا جات کی ادائیگی میں مسلسل تاخیر کی گئی جس سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوا۔وفاقی حکومت نے حیسکو اور سیپکو کو سرکاری اداروں کے کنکشن کاٹنے سے روک رکھا ہے، ایک بار پھردرخواست کی جاتی ہے کہ بجلی بقایا جات کی ادائیگیوں میں تاخیر سے گریز کیا جائے، تاکہ سندھ کے عوام کو مشکلات نہ ہوں۔وفاقی وزیر پانی و بجلی کواجہ اصف کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کا کنٹرول اس وقت ایک پرائیویٹ انویسٹر کے پاس ہے،حکومت کے پاس کے الیکٹرک کا کوئی انتظامی کنٹرول نہیں ،نہ ہی ہم ایسا ارادہ رکھتے ہیں کہ ایک پرائیویٹائز کیے گئے ادارے کو دوبارہ قومیا لیا جائے۔ خواجہ آصف قومی اسمبلی میں خطاب کر رہے تھے۔