26 جون ، 2015
کراچی....... کراچی میں شدید گرمی سے 24 گھنٹوں میں مزید 72 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ تین سو سے زائد مریض اب بھی مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔شہر میں گزشتہ چھ روز میں ہیٹ اسٹروک سے انتقال کرجانے والوں کی تعداد 1 ہزار 50 سے تجاوز کرگئی۔کراچی میں درجے حرارت میں کمی کے باوجود ہیٹ اسٹروک سے متاثرہ مریضوں کی ہلاکتیں تھمنے کا نام نہیں لے رہیں۔ چوبیس گھنٹے کے دوران سول اسپتال میں 16 ،جناح اسپتال میں 18 ،بلدیہ عظمیٰ کے اسپتالوں میں 13 ، آغا خان اسپتال میں 20 ،پٹیل اسپتال میں4 اور انڈس اسپتال میں ایک مریض دم توڑ گیا ۔ گزشتہ چھ روز میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 1050 سے زائد ہوگئی ہے ۔ترجمان جناح اسپتال ڈاکٹر جاوید جمالی کے مطابق سب سے زیادہ افراد جناح اسپتال لائے گئے جہاں اب تک 329افراد انتقال کرچکے ہیں ۔کے ایم سی کے اسپتالوں میں 213 اور سول اسپتال میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 133 ہے۔سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی میں 23،لیاقت نیشنل اسپتال میں 72،انڈس اسپتال میں 41کورنگی اسپتال میں 14 اور سندھ گورنمنٹ اسپتال لیا قت آباد میں 6افراد ،اوجھا اسپتال میں 19 ،قطر اسپتال میں 32 پٹیل اسپتال میں 30 اورضیاالدین اسپتال کے تینوں کیمپس میں 6دنوں میں 60افرادجان سے گئے۔ لانڈھی جیل میں بھی دو روز قبل دو قیدی جاں بحق ہوگئے تھے۔دوسری جانب اب بھی جناح اسپتال میں سو ، سول میں اٹھاون ، اور عباسی شہید اسپتال میں پچپن افراد زیر علاج ہیں۔ شہر میں سرکاری اسپتالوں سمیت دیگر مقامات پرپاک فوج ،رینجرز، پولیس اور سیاسی جماعتوں کی جانب سے امدادی کیمپ بھی لگائے گئے ہیں جہاں مریضوں کو پانی اور دیگر اشیاء فراہم کی جاری ہیں-