پاکستان
01 جولائی ، 2015

چیئرمین نیب کو 150 میگا کیسز کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

چیئرمین نیب کو 150 میگا کیسز کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

اسلام آباد........سپریم کورٹ نے چیئرمین نیب کو لینڈ، مالیات اور اختیارات کے غلط استعمال کے ڈیڑھ سو میگا کیسز کی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کہتے ہیں کہ محسوس ہوتا ہے بعض لوگ نیب کی پہنچ سے دور ہیں۔ جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت اور جسٹس مقبول باقر پرمشتمل 3رکنی بنچ نے نیب میں میگا کرپشن اسکینڈلز کی انکوائریوں سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا کہ تشویش اس بات پر ہے کہ نیب وزیراعظم، وزیرخزانہ اور دیگر کا حکم کیسے مان لیتی ہے، لگتا ہے بعض لوگ نیب کی پہنچ سے دورہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ نیب کی خودمختاری کہاں ہے؟ چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری نے کہا کہ ان پرکسی قسم کا دباؤ نہیں، انہیں عدالت کی سپورٹ چاہیے جس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہا، ہم یہاں آپ کو سپورٹ دینے کے لیے نہیں ہیں، آپ اپنا کام کررہے ہیں اور ہم اپنا۔ جسٹس مقبول باقر نے کہا کہ ہمیں پتا ہے بعض لوگ میڈیا کو بھی اپنے حق میں نرم کرلیتے ہیں۔ اس پر چیئرمین نیب نے کہا کہ وہ کرپشن کے میگا اسکینڈلز پر ہر صورت تحقیقات کروائیں گے۔ جسٹس شیخ عظمت نے کہا پاکستان میں کچھ چھپا نہیں رہ سکتا، پتہ سب چل جاتا ہے۔ عدالت نے نیب کو مالیات، زمینوں اوراختیارات میں غلط استعمال کے ڈیڑھ سو میگا کیسز میں تحقیقات کی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 7جولائی تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں :