03 جولائی ، 2015
پشاور.....خیبرپختونخوا میں 30 مئی کوہونیوالے بلدیاتی انتخابات کے دوران ہنگامہ آرائی اور دھاندلی سے متاثر358پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ 5جولائی کو ہوگی ۔حکومت نے ان پولنگ اسٹیشنوں پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے علاوہ فوج کو بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔خیبر پختونخوا میں 5 جولائی کو ہونیوالے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے دوران 14 اضلاع کے اُن 358پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ووٹ ڈالے جائینگے، جہاں 30 مئی کو ہونیوالی پولنگ میں ہنگامہ آرائی یا دھاندلی ہوئی تھی ، جن پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی، ان میں سب سے زیادہ تعداد 87 نوشہرہ میں، کرک میں 70 ،چارسدہ میں 45 جبکہ مردان میں 42 پولنگ اسٹیشن شامل ہیں ۔پشاور میں ایسے پولنگ اسٹیشنزکی تعداد30 ہے جہاں پر دوبارہ انتخابات ہو رہے ہیں ۔بنوں میں 28 ،صوابی 17 ،لکی مروت اور ڈی آئی خان میں 8، 8 اورایبٹ آباد میں 7 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے انتظامات کئے گئے ہیں ۔کوہاٹ اور مانسہرہ میں 5 ،5 ، ہنگو میں 3 اور بونیر میں ایک پولنگ اسٹیشن میں دوبارہ انتخاب ہوگا۔ ان انتخابات کے بعد متعلقہ نیبر ہڈ اور ویلج کونسلز کے حتمی نتائج کا اعلان کیا جائیگا، دوسری جانب حکومت نے 30 مئی ہی جیسی صورتحال سے بچنے کیلئے اس انتخابی عمل میں امن وامان کے قیام کیلئے فوج بھی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔