06 جولائی ، 2015
اسلام آباد ......سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ کل تک عدالت کو بتایا جائےکہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا بل کب پاس کیا جائیگا۔ سپریم کورٹ کے جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن کی درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 25 جولائی کو انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے ، الیکشن کمیشن آج امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجرا کریگا۔ درخواست میں سپریم کورٹ سے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات جلد کرانے کا بل منظور کرانے کی استدعا کی تھی۔الیکشن کمیشن حکام نے عدالت کو بتایا کہ سینیٹ میں بلدیاتی انتخابات کے بل سے متعلق بحث چل رہی ہے، الیکشن کمیشن خود یہ کہتا ہے کہ طے شدہ تاریخ پر ہی انتخابات کرائے جائیں۔جسٹس جوا دایس خواجہ نے ریمارکس دئیے کہ اسلام آباد کے شہریوں کو انکا حق ملنا چاہیے،یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے قانون سازی کر لی جائیگی۔عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو کل صبح تک بلدیاتی انتخابات کا بل منظور کرانے سے متعلق آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔