پاکستان
14 مئی ، 2012

لاہور:شوہر قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہا تھا، بیوی زندہ نکل آئی

لاہور:شوہر قتل کے جرم میں سزا کاٹ رہا تھا، بیوی زندہ نکل آئی

لاہور…بیوی کے قتل کے جرم میں عمر قید کاٹنے والے مجرم کی ”مقتول “بیوی زندہ ہو کر عدالت میں پیش ہو گئی‘ مجرم 5 سال سزا بھگت چکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سانگلہ ہل میں ایک خاتون شازیہ بی بی نے والد نے مقدمہ درج کرایا کہ اس کی بیٹی کی شادی نذیر نامی شخص سے ہوئی تھی جسے اس کے شوہر نے قتل کر دیا ہے ۔ مقدمہ کی سماعت کے بعد عدالت نے نذیر کو قتل کا مجرم قرار دیتے ہوئے اسے عمر قید کی سزا سنا دی۔ پانچ سال کی سزا کاٹنے کے بعد نذیر کے لواحقین نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی کہ ان کا عزیز نذیر جس بیوی کے قتل کے کیس میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے وہ زندہ ہے جس پر عدالت میں نذیر کی بیوی شازیہ حاضر ہوئی اور عدالت کو بتایا کہ وہ پانچ سال قبل اپنے شوہر کے گھر سے ناراض ہو کر گئی تھی لیکن راستے میں اغواء کرلیا گیا تھا ۔ بیوی شازیہ نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کا شوہر نذیر بے گناہ ہے کیونکہ اسے میرے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا دی گئی تھی لیکن میں تو زندہ ہوں، اس لئے میرے شوہر کو اس بے بنیاد کیس سے باعزت بری کیا جائے۔ واضح رہے کہ خاتون شازیہ کے والد نے اپنی بیٹی کے قتل کا مقدمہ درج کراتے ہوئے اپنے داماد نذیر کو ملزم ٹھہرایا تھا جس پر سانگلہ ہل کی عدالت نے نذیر کو عمر قید کی سزا سنائی تھی اور نذیر اپنے ناکردہ جرم میں پانچ سال کی سزا بھی بھگت چکا ہے۔

مزید خبریں :