14 مئی ، 2012
کوئٹہ … کوئٹہ کے علاقے عالمو چوک پر ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں ایک اہلکار جاں بحق اور 20 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ نمائندہ جیو نیوز ندیم کوثر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے عالمو چوک پر ایف سی کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا ہے جس میں ایک ایف سی اہلکار جاں بحق ہوگیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ایک ایف سی اہلکار کی لاش اور تقریباً 22 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ زخمیوں میں ایف سی اہلکاروں سمیت بچے، خواتین اور عام شہری بھی شامل ہیں، متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، آخری اطلاعات تک اسپتال میں زخمیوں کی آمد کا سلسلہ جاری تھا۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق دھماکے کے مقام اور علاقے کو پولیس اور ایف سی اہلکاروں نے گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے، بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکہ خیز مواد ایک آلٹو کار میں نصب کیا گیا تھا جسے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے تباہ کیا گیا، دھماکے میں تقریباً 40 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔ کوئٹہ کے عالمو چوک پر دھماکے میں متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں جبکہ قریب کی کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔