09 جولائی ، 2015
ڈیلس.....راجہ زاہد اختر خانزادہ/نمائندہ خصوصی.....سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ آصف زرداری سے میرا جھگڑاشوگر مل پر نہیں بلکہ میری ماں سے متعلق ہے جسے وہ ٹکڑے کر کے فروخت کر رہا ہے،یہ ہی بات ہے جس کی وجہ سے اپنی ماں کو بچانے کےلئے میں نے45سالہ دوستی کوقربان کر دیا ہے ،انہوں نے یہ بات امریکی ریاست ٹیکساس کے شہرڈیلس میں کہی جہاں ان کے اعزاز میں سندھی ایسو سی ایشن آف نارتھ ٹیکساس کے صدر معظم بھنگڑانے فطار ڈنر کا اہتمام کیا ،افطار ڈنر میں ان کی اہلیہ اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی ڈاکٹر فہمیدہ مرزا بھی شریک تھیں۔ذوالفقار مرزا نے جنگ اور جیو سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ آصف زرداری سے میراپہلا جھگڑاایم کیو ایم کی وجہ سے شروع ہواکیونکہ میں بحیثیت وزیر داخلہ مجرموں اور قاتلوں کووہ سہولیات فراہم نہیںکر سکا تھا جس کی وہ مجھ سے توقع رکھتے تھے۔انہوں نے وضاحت کرتے ہو ئے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ میں اسٹیبلشمنٹ کے ہاتھوں ان کا اآلہ کار بنا ہوا ہوں،میں ڈی جی رینجرز سے کبھی نہ ملا ہوں اور نہ ہی فون پر بات چیت ہو ئی ہے۔اسٹیبلشمنٹ سے تعلق کے بار بار سوال پر وہ چراغ پا ہوگئےاورکہا کہ آپ میرے منہ میںبات ڈالنا چاہتے ہیں اور اگر یہ ہی بات ہے تو میں کہتاہوں کہ چوروں کے خلاف اسٹیبلشمنٹ کی مدد کرتے ہو ئے مجھے کوئی شرم محسوس نہیں ہو تی۔ذوالفقار مرزا نے انکشاف کیا کہ آصف زرداری نے ایک اینگلو کشمیری کوٹھٹھہ میں25ہزار ایکڑ اور بدین میں6ہزار ایکڑ زمین دی ہے جیسے یہ زمین حاکم علی زرداری کے باپ کی ہو،زمین لینے والے کی کی صرف یہ خوبی ہے کہ ان کی بیوی خوبصورت ہے۔انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ پورے پاکستان میں سب سے زیادہ کرپشن سندھ میں ہو ئی۔اگر اسٹیبلشمنٹ کا ٹارگٹ سندھ ہےتویہ اچھا اقدام ہےکیونکہ کرپشن کے خلاف کارروائی سے عوام کو فائدہ ہو گا۔آصف زرداری سے متعلق میرے پاس جو کچھ ہے وہ نہ توشائع ہو سکتا ہے اور نہ ہی ٹی وی پر چل سکتا ہے تاہم اسٹیبلشمنٹ کے پاس زرداری کے خلاف اتنا مواد ضرور موجود ہے کہ اسے ایک ہفتے میں ٹانگ سکتے ہیں۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ زرداری نے12سے زائد قتل کرائے جس کے ثبوت میرے پاس موجود ہیں۔عزیر بلوچ کے حوالےسےان کا کہنا ہےکہ وہ آصف زرداری کےلئے صولت مرزا نہیں بن سکتا،انہوں نے اپنی جانب اشارہ کرتے ہو ئے کہا کہ صرف وہ آصف زرداری کےلئے صولت مرزا بن سکتے ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ کیا آصف زرداری بینظیر بھٹو اور میر مرتضیٰ بھٹو کےقتل میں بھی ملوث ہیں تو ان کا جواب تھاکہ اس وقت آصف زرداری میرا سب سے بڑا دشمن ہے اور لوگ اس دوراہے پر آکر سچا جھوٹاالزام تھوپ دیتے ہیں لیکن میں ایسا نہیں کروں گا ،آصف زرداری کاان دونوں قتل سے کوئی تعلق نہیں۔ایک اور سوال کے جواب میں سابق وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھاکہ بلاول کی پاکستان آمد اور پارٹی سرگرمیوں سے لگتا ہے کہ زرداری نے بلاول کی ڈیمانڈ تسلیم کر لی ہیں اور اب مجھے یہ لگتا ہے کہ جنرل راحیل شریف کی نوکری کے دوران زرداری لو پروفائل کی حیثیت میں گزارنا چاہتے ہیںاور اگر وہ پاکستان آئےبھی تو مقررہ گارنٹی کےبعد ہی آئیں گے۔آصف زرداری کے ایک بچے کی افواہ کے حوالے سے ذوالفقار مرزا کا کہنا ہے کہ یہ غلط ہے ،میں نہیں سمجھتا کہ وہ اتنا بے وقوف آدمی ہے۔ڈاکٹر تنویر زمانی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نیو یارک میںتنہائی کے دوران آصف زرداری سے اس کا افیئر چلا اور ہمیں بھی اخبارات کے ذریعے ہی پتہ چلا تھا۔آصف زرداری کی دولت کےتخمینہ کے حوالے سے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ کرپشن سے جو دولت اس نے جمع کی ہے اس کا اندازہ اسے خود بھی نہیں ہے۔ذوالفقار مرزا نے امریکا میں مقیم پاکستانی نژاد امریکیوں سے مطالبہ کیا کہ یہاں سے جانے والی امداد کے درست استعمال کےلئے امریکی سینیٹرز اور دیگر حکام سے دبائو ڈلوائیں اور اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ کرائی جائےتاکہ اس امداد کا درست استعمال کیا جاسکے ۔انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ وزیر خزانہ نے ہرسال55ارب روپیہ کمیشن کی مد میں ہڑپ کیا جس میں سے50ارب تو زرداری کے اکائونٹ میں ہی جاتا ہوگا۔منی لانڈرنگ اسکینڈل کے حوالے سے انہوں نے کہاکہ اس اسکینڈل کا بھی مجھے معلوم ہےکہ کون فارن ایکسچینج میں کام کرتا ہے،اس اسکینڈل میں نادرمنگی ڈیڑھ ملین سے محروم ہوا،بعض وزرا اور بیورو کریٹ اپنی بھاری رقوم سے محروم ہوئےتاہم بعد میں معلوم ہوا کہ چوروں پر مورفارن ایکسچینج والا نہیں بلکہ زرداری تھا جس نے اس پر ہاتھ رکھا ہوا تھا۔فریال تالپور کے حوالے سے بیان پران کا کہناتھا کہ بیان پر وہ اب بھی قائم ہیں،تاہم لوگوں نے اسے غلط سمجھا،میں نے’’متھ بریک‘‘کےلئے یہ انکشاف کیااور میں چیلنج کرتا ہوںکہ کچھ کر سکتے ہو تو کرو۔