10 جولائی ، 2015
بارسلونا......شفقت علی رضا......امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کی شہادت پر دنیا بھر کی طرح بارسلونا میںبھی جلوس برآمد کیا گیا اور مجالس بپا ہوئیں۔ تفصیلات کے مطابق داماد رسول ﷺ اور شیر خدا امیر المومنین حضرت علی رضی اللہ عنہ کے یوم شہادت پر القائم اسلامک سینٹر بارسلونا سے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے تابوت کی شبیہ کے ساتھ جلوس برآمد ہوا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا آرک دے ترونف پہنچا۔ القائم اسلامک سینٹر میں جلوس کے برآمد ہونے سے پہلے علامہ مرتضیٰ علی جعفری نے مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے حضرت علیرضی اللہ عنہ کی زندگی ان کی بہادری اور اسلام کی بقا کے لئے دی جانے والی اہل بیت کی قربانیوں پر روشنی ڈالی۔ آرک دے ترونف میں مقامی انتظامیہ کی جانب سے کھلی سڑک مہیا کی گئی تھی جہاں شرکائے جلوس نے نماز مغرب اور روزہ افطار کیا۔ اہلسنت والجماعت کے معززین اور اہل تشیع خواتین و حضرات کی بڑی تعداد اس جلوس میں شامل تھی۔ آرک دے ترونف پر علامہ مرتضیٰ علی جعفری نے بپا کی جانے والی مجلس میں دوبارہ خطاب کیا اور کہا کہ حضرت علیرضی اللہ عنہ نے عدل و انصاف کی وہ تاریخ رقم کی ہے جس کی مثال رہتی دنیا تک ملنا ناممکن ہے۔جلوس کے تمام انتظامات خادم القائم اسلامک سینٹر محمد اقبال چوہدری اور ان کی ٹیم نے ادا کئے جبکہ چوہدری مظہر وڑائچانوالہ، راجہ شعیب ستی، راجہ ٹیپو، پرویز اختر جانی،چوہدری عبدالغفار مرہانہ،چوہدری نوید وڑائچ،چوہدری طارق گجر، راجہ بشارت علی،حق نواز چوہدری، ممتاز منیر سہوترہ،حافظ عبدالرزاق صادق، ڈاکٹر قمر فاروق، رضوان کاظمی نے محمد اقبال چوہدری سے انتظامی امور میں بھر پور تعاون کیا۔