14 مئی ، 2012
ریاض … سعودی عرب کے شہر ریاض میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کا مشاورتی اجلاس جاری ہے، اجلاس کے ایجنڈے میں ایران سے خلیجی ممالک کے تعلقات، علاقائی امن، شام، فلسطین اور سوڈان کے حالات شامل ہیں۔ اجلاس میں تیونس، مصر اور لیبیا میں انقلاب کے بعد کی صورتحال بھی زیر بحث آئے گی،ساتھ ہی شاہ عبد اللہ بن عبدالعزیز کی جی سی سی کو فیڈریشن کا درجہ دینے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل، کویت کے شیخ صباح خالد الصباح، متحدہ عرب امارات کے انور محمد قرقاش، عمان کے یوسف بن علوی بن عبداللہ، بحرین کے شیخ خالد بن احمد بن محمد خلیفہ، قطر کے وزیر خارجہ شیخ حماد بن جاسم التہانی سمیت دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔