15 مئی ، 2012
ریاض…سعودی وزیر خارجہ شہزادہ سعود الفیصل نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک کی فیڈریشن ان کا اندرونی معاملہ ہے۔ ایران اپنے کام سے کام رکھے۔ عرب ٹی وی کے مطابق انہوں نے یہ بات سعودی دارالحکومت ریاض میں خلیجی تعاون کونسل کے سربراہ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کا سعودی عرب سے الحاق یا خلیجی ممالک کی فیڈریشن اندرونی معاملہ ہے اگر ایران کسی ملک سے ساتھ فیڈریشن بنانا چاہتا ہے تو وہ ایک خود مختار و آزاد ملک ہونے کے ناطے کرسکتا ہے۔خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں بحرین اور خطے کے دیگرحصوں میں احتجاج کرکے امن و امان کے مسائل پیدا کرنے والوں سے نمٹنے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔ ساتھ ہی ایران کا خطے کے ممالک کے ساتھ دھمکی آمیز رویئے سمیت یمن اور شام کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔