15 مئی ، 2012
اسلام آباد…توانائی کی قلت کے باعث صنعتی شعبے شدید متاثر ہو ئے ہیں ۔مارچ 2012 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے 3 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔پاکستان ادارہ برائے شماریات کے مطابق رواں سال مارچ میں خام تیل ا ور ریفائنریز سے تعلق رکھنے والی صنعتوں کی پیداوار میں 4.5 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کی اہم وجہ توانائی کے شعبے میں زیر گردش قرضے ہیں۔اس کے علاوہ دیگر صنعتوں میں بھی 1 فیصد سے زائد کی کمی واقع ہوئی۔اعداد و شمار کے مطابق آٹوموبائل ، ربڑ، آئرن اور اسٹیل مصنوعات کی پیداوار میں گزشتہ سال کے مقابلے گراوٹ دیکھی گئی۔اس کے علاوہ جولائی تا مارچ صنعتی پیداوار میں معمولی 1 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔صنعت کاروں کا کہناہے کہ حکومت صنعتوں کیلئے بجلی و گیس کی فراہمی یقینی بنانے کے اور ملک میں امن و اماں کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے بھی اقدامات کرے ۔