16 مئی ، 2012
اسلام آباد… وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ نیٹو اور امریکا سے تعلقات میں ہم اہم موڑ سے گزر رہے ہیں، اس حوالے سے اہم ترین فیصلے کرنے ہیں۔ وہ وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں بجٹ اور نیٹو سپلائی کی بحالی کے حوالے سے غور کیا جارہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم جذباتی فیصلے نہیں کرینگے کیونکہ یہ آنیوالے وقت میں سودمند نہیں ہونگے، اصولی موقف پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ دورہ برطانیہ ؛بعض افرادنے وزیراعظم آفس کااحترام کم کرنیکی کوشش کی اور میرے خلاف برطانیہ میں بعض سیاسی کارکنوں کو احتجاج کیلئے اکسایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین اپنے تنقیدی بیانات سے عدلیہ پر اثر انداز ہونے سے باز رہیں، مجھے اپیل کا حق ہے اور امید ہے کہ میرے ساتھ انصاف ہوگا اور یقین ہے کہ آئینی تقاضوں کے مطابق انصاف کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں کسی دھمکی سے مرعوب نہیں ہونگا ، آئین کا ہر قیمت پر تحفظ کرونگا۔