01 اگست ، 2015
لاہور......حکومت اورتحریک انصاف سیاست کوبالائے طاق رکھتے ہوئےعوامی مفاد کےایک منصوبےپرایک ہو گئیں،انصاف کمیونٹی ویلفیئر سوسائٹی اور سٹیزن فاؤنڈیشن کاپاکستان ریلویزسےکراچی میں واقع ایک سیکنڈری اسکول کو اپنانے کا معاہدہ ہوگیا ہے۔کراچی میں واقع سیکنڈری اسکول کو اپنانےکےمعاہدےکی تقریب ریلوےہیڈ کوارٹرزلاہورمیں ہوئی،وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، انصاف سوسائٹی کے سرپرست اعلیٰ اورتحریک انصاف کےرکن قومی اسمبلی ڈاکٹرعارف علوی اور سٹیزن فاؤنڈیشن کے بریگیڈیئر سہیل نے شرکت کی۔معاہدے کےمطابق ساڑھے آٹھ ایکڑ رقبے پر مشتمل اسکول کی تزئین و آرائش اور انتظام وانصرام انصاف کمیونٹی ویلفیئر سوسائٹی کرےگی۔ ریلوے ملازمین کےبچوں کی فیس 60 روپے جبکہ دوسرے بچوں کی ساڑھے تین سو ماہانہ ہوگی، دونوں رہنماؤں کاکہنا تھاکہ سیاست اور اختلافات اپنی جگہ،مگرعوامی اور قومی مفاد کے منصوبوں کیلئےوہ ایک ہیں،انہوں نےسیاسی سوالات کےجواب دینے سےبھی گریز کیا۔