04 اگست ، 2015
اسلام آباد ...... تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود نے کہا ہے کہ ساری جماعتیں ایک طرف ہے جبکہ دوسری طرف تحریک انصاف ہے،وقت لینے کی بات ٹھیک نہیں،اپنی پوزیشن پربڑے کلیئر ہیں جب تک فیصلہ نہیں ہوگا ، ہم پارلیمنٹ میں نہیں جائینگے۔ ادھر ایم کیو ایم کے رہنما عبدالوسیم نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس نہیں لیں گے،ہمارا نکتہ قانونی اور آئینی ہے۔جیو نیوز سے گفتگو میں پی ٹی آئی رہنماشفقت محمود نے کہا کہ مولانافضل الرحمان کی تکلیف سمجھ آتی ہےکہ انہیں کےپی کےمیں بہت مارپڑی،ایم کیو ایم کو بھی تحریک انصاف سےکراچی میں خطرہ ہے۔ایم کیو ایم رہنما عبدالوسیم نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہرجماعت کو اپنےموقف کی آزادی حاصل ہے،پی ٹی آئی کو ڈی سیٹ کرنے کی تحریک واپس نہیں لیں گے،ہمارا نکتہ قانونی اور آئینی ہے۔قومی اسمبلی کا اجلاس اب سے کچھ دیر میں ہوگا ، تحریک انصاف کو ڈی سیٹ کرنے کیلئے ایم کیو ایم اور جے یو آئی ف کی قراردادوں کا معاملہ زیر غور آئے گا ۔ڈی سیٹ کیے جانے کی تحاریک پر غور کے لئے پی ٹی آئی کی پارلیمانی جماعت کا اجلاس ہوا ،جس میں اس حوالے سے مشاورت کی گئی ۔ پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب کہتے ہیں اگر تحاریک لائی گئیں تو جمہوری نظام خراب نہیں ہونے دینگے ۔جے یو آئی کے اکرم درانی نے کہا ہے کہ سیاست میں امکانات موجود رہتے ہيں ، تحریک واپس لینے پر کوئی لین دین نہیں کرینگے۔