23 اگست ، 2015
پشاور......... خیبر پختونخوا میں مون سون سیزن کے بعد ڈینگی کے خطرات منڈلانے لگے ۔ محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ملاکنڈ اورہزارہ ڈویژن میں ڈینگی کے حوالے سے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ۔ڈینگی سرویلنس سیل خیبرپختونخوا کے فوکل پرسن ڈاکٹرخالدنے بتایاکہ یوں توپورے صوبے میں ڈینگی کے حوالے سے کوئی خطرناک صورتحال درپیش نہیں البتہ حکومت نے اپنی تیاری مکمل کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملاکنڈڈویژن کے لوئردیر، سوات اورملاکنڈ سمیت ہزارہ ڈویژن کے ہری پور، ایبٹ آباداورمانسہرہ میں ڈینگی کا خطرہ ہوسکتا ہے جس کے لئے پورے محکمہ صحت کو ہائی الرٹ کی کیفیت میں رکھا گیا ہے اوران علاقوں میں ڈینگی کے مچھرکومارنے کے اسپرے بھی کرائے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا سوات میں بھی ڈینگی کی صورتحال ابھی تک قابومیں ہے جہاں پرسال 2013 میں 9ہزارسے کچھ زائد کیسزمنظرعام پرآئے تھے جواگلے سال یعنی 2014 میں 300 تک آگئے اوراب حالت یہ ہے کہ وہاں پرصرف دوکیسزمنظرعام پرآئے ہیں جن میں سے ایک باہرسے آیا ہوا لگتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود پورے صوبے میں ڈینگی سے بچاؤ کے لئے اقدامات کئے گئےہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ جولائی سے لیکراکتوبرتک کا عرصہ ڈینگی کے مچھرکی افزائش کے لئے سازگارہوتا ہے اوراب بھی کسی حد تک خطرات موجود ہیں۔