27 اگست ، 2015
اسلام آباد........وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسٹاک مارکیٹوں نے انضمام کرلیا ہے، جس کے بعد اب پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا قیام عمل میں آ گیا ہے۔اسلام آباد سیکورٹی ایکسچینج کمیشن کے دفتر میں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد اسٹاک مارکیٹس کے انضمام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر سوچ واضح ہوتو ملک کا مستقبل روشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے 25اگست کو فیصلہ کیا کہ اسٹاک مارکیٹوں کا انضمام کرنا ہے اور آج یہ کام مکمل ہوگیا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ پاکستان انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں اپنا مقام پیدا کرے گا اورپاکستان کا شمار دنیا کی ابھرتی ہوئی مارکیٹس میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو عالمی معیار تک لے جائینگے۔وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جو کام 15سال مین نہ ہوسکا وہ آج مکمل ہوگیاہے، ہم پالیسی اور پلان کرنے میں تیز ہیں مگر عمل درآمد میں کمزور واقع ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اگلا ہدف فارن ڈیٹ انوسٹمنٹ ہے۔ آئی ایم ایف پروگرام کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ ہماری مجبوری تھی کیونکہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارا ہدف تھا، اس حکومت نے ماضی کی حکومتوں کا قرض بھی واپس کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ستمبر 2017تک 10ہزار میگاواٹ بجلی نظام میں شامل کردیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو جلد 21ارب ڈالر تک پہنچا دینگے، کرنسی اور اسٹاک ایکسچینج میں تبدیلی پر گھبرانے کی ضرورت نہیں، عوام ان معاملات سے متعلق افواہوں پر کان نہ دھریں۔