پاکستان
01 ستمبر ، 2015

خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات اور ناظمین کا چناؤ مکمل

خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات اور ناظمین کا چناؤ مکمل

پشاور........خیبرپختونخوامیں بلدیاتی انتخابات اورناظمین کے چنائوکامرحلہ تومکمل ہوگیا لیکن اس عمل کے دوران تمام جماعتوں نے اپنوں میں عہدوں کی بندر بانٹ میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا، جس میں تحریک انصاف سرفہرست رہی۔تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات میں عہدوں کی بندربانٹ میں سب سے آگے رہی، سب سے بڑی مثال نوشہرہ کی ضلعی نظامت کی ہے جہاں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے بھائی لیاقت خٹک کونظامت کاتاج پہنادیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان کے ضلع ناظم عزیز اللہ علیزئی ایم پی اے سمیع اللہ علیزئی کے چچا زاد بھائی، ڈی آئی خان ہی کے تحصیل ناظم عمر امین صوبائی وزیر علیٰ امین گنڈاپور کے بھائی جبکہ تحصیل پہاڑ پور کے ناظم جہانزیب اکبر ایم پی اے احتشام اکبر کے چچا ہیں۔ اسی طرح کوہاٹ کی تحصیل لاچی کی نظامت صوبائی وزیر امتیاز شاہد قریشی کے بھائی اشفاق قریشی اور کرک کی ضلعی نظامت عمردراز خٹک کو دیدی گئی جوتحریک انصاف کے ایم پی اےگل صاحب خان کے بھائی ہیں۔دلچسپ امریہ ہے کہ بنی گالہ نے چند روز قبل پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پرگل صاحب خان کی رکنیت معطل کررکھی ہے۔ضلع نوشہرہ کی تحصیل پبی کے ناظم مرتضیٰ الرحمان ایم پی اے خلیق الرحمان کے بھائی ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن، عوامی نیشنل پارٹی اور پیپلزپارٹی بھی اپنوں کو نوازنے میں کسی سے پیچھے نہیں رہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنماء امیر مقام نے اپنے بیٹے نیاز محمد کو شانگلہ کا ضلعی ناظم بنایا۔ ضلع بونیر کی تحصیل خدوخیل کے ناظم اے این پی کے ایم پی اے سردار حسین بابک کے بھائی گلزار بابک ہیںجبکہ ملاکنڈ کی ضلعی نظامت پیپلز پارٹی کے ایم پی اے محمد علی شاہ کے بھائی احمد علی کو دیدی گئی۔

مزید خبریں :