03 ستمبر ، 2015
اسلام آباد........سپریم کورٹ نےتھر پارکر میں غذائی قلت اور اموات سے متعلق ازخود نوٹس پر اسپیشل سیکرِٹری صحت ریاض میمن کو تھر پارکر کا دورہ کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ تھر پارکر میں سرکاری اسپتالوں کی حالت مویشیوں کے باڑے سے بھی گئی گزری ہیں، ادویات بھی نہ ہونے کے برابر ہیں، یہ ریمارکس جسٹس سرمد جلال عثمانی اور جسٹس امیر ہانی مسلم پر مشتمل بینچ نے تھرپارکر میں غذائی قلت سے متعلق ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران دیے۔ سماعت کے دوران اسپیشل سیکریٹری صحت ریاض میمن بھی پیش ہوئے، عدالت نے تھرپارکر میں اسپتالوں کی حالت پر برہمی کا اظہار کیا اور ریمارکس دیے کہ کچھ سرکاری اسپتال وڈیروں کی اوطاق میں تبدیل کردیے گئے ہیں۔۔عدالت نے اسپیشل سیکریٹری صحت کو تھر پارکر کا دورہ کرکےتفصیلی رپورٹ پیش کرنے کاحکم دے دیا۔ کیس کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردی گئی۔