03 ستمبر ، 2015
لاہور........پنجاب کےوزیرِخوراک بلال یاسین کاکہناہےکہ ملاوٹ ناقابلِ ضمانت جرم ہے، ملزموں کو5سال قید اور20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوسکتا ہے۔ پنجاب کےوزیرِخوراک بلال یاسین اورڈائریکٹرآپریشن پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے ایوانِ وزیراعلیٰ لاہورمیں پریس کانفرنس کی۔ بلال یاسین کاکہناتھا کہ صوبے کے 36 اضلاع میں ملاوٹ کے خلاف مہم زوروشورسے جاری ہے، توجہ ہٹائی تو مکروہ دھندہ کرنے والے پھر نکل آئیں گے، ان کاکہناتھاکہ گوشت سمیت دیگر اشیاء کے ٹیسٹوں کےلیے لیبارٹریز کام کررہی ہیں، ریلوے اسٹیشن سے پکڑےگئے گوشت کی رپورٹس کا بھی انتظار ہے۔ڈائریکٹرآپریشن پنجاب فوڈاتھارٹی عائشہ ممتازکاکہناتھاکہ ریلوے اسٹیشن سےپکڑےگئے شخص کی کئی دن سے ریکی کی جا رہی تھی، لبلبے کےگوشت کا دعویٰ کرنےوالا شخص سامنے آکر پوزیشن واضح کرے، فوڈ اتھارٹی بھی شواہد سامنےلائےگی ۔بلال یاسین نےبتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نےسختی سے ہدایت کی ہے کہ لوگوں کو ملاوٹ سےپاک خوراک مہیاکرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔