پاکستان
18 مئی ، 2012

صدر اور وزیراعظم کشکول اٹھا کر جگہ جگہ بھیک مانگتے پھرتے ہیں، نواز شریف

صدر اور وزیراعظم کشکول اٹھا کر جگہ جگہ بھیک مانگتے پھرتے ہیں، نواز شریف

قصور … مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد نواز شریف کا کہنا ہے کہ مجھے پرویز مشرف اور دوسرے لوگوں کی وجہ سے دوبارہ حکومت نہیں مل سکی، خوشی ہے کہ میرے دور میں ملک ایٹمی طاقت بنا، جمہوری حکومتوں میں کبھی جنگیں نہیں ہوئیں، مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، پاکستان اور بھارت مخلص ہوں گے تو مسائل حل ہوں گے، صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی نے کشکول اٹھا رکھا ہے، جگہ جگہ بھیک مانگتے پھرتے ہیں۔ صدر مسلم لیگ (ن) نواز شریف قصور کے علاقے میں گنڈا سنگھ بارڈر پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری چاہتا ہوں، کشمیر کا مسئلہ حل ہونا دونوں ملکوں کیلئے ضروری ہے، پاکستان اور بھارت مخلص ہونگے تو مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے عوام سے پنجاب میں کہا کہ ”موجودہ حکومت توں جان چھڑان لئی تسی فیر میرے نال چلو“۔ ان کا کہنا ہے کہ مجھے پرویز مشرف اور دوسرے لوگوں کی وجہ سے دوبارہ حکومت نہیں مل سکی، مجھے خوشی ہے کہ میرے دور میں ملک ایٹمی طاقت بنا، جمہوری حکومتوں میں کبھی جنگیں نہیں ہوئیں، موجودہ دور میں مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں۔ اس سے قبل قصور میں رکن قومی اسمبلی شیخ وسیم احمد کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صدر زرداری اور وزیر اعظم گیلانی نے کشکول اٹھا رکھا ہے، جگہ جگہ بھیک مانگتے پھرتے ہیں، بھیک مانگنے والے سے بھلا کون معافی مانگتا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم کی باتوں کا کیا جواب دیں، کوئی کام کی بات کریں گے تو تبصرہ بھی کروں گا۔ انہوں نے کہا حکومت ناکامیوں کا اعتراف کرنے کی بجائے عوام کے زخموں پر نمک چھڑک رہی ہے۔ نواز شریف نے کہا وہ قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی اور عدلیہ کے احکامات پر عمل کی بات کرتے ہیں، جو حکمرانوں کو پسند نہیں، اس لئے وہ نیب کے مقدمات دوبارہ کھولنے جیسے حربے استعمال کررہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ 80ء اور 90ء کی سیاست کو زندہ کرکے انہیں کچھ نہیں ملے گا۔

مزید خبریں :