18 مئی ، 2012
کراچی … کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2پولیس اہلکاروں سمیت 13 افراد کو قتل کردیا گیا۔ فائرنگ کے 2 واقعات کو پولیس نے دشمنی کا نتیجہ قرار دیا ہے جس میں ایک واقعہ صرف چپل کی ملکیت پر پیش آیا۔ بلدیہ ٹاوٴن کے علاقے اتحاد ٹاوٴن میں مسلح موٹر سائیکل سوار ملزمان نے موچکو تھانے کی پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جو معمول کی چیکنگ پر تھی، فائرنگ کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اہلکاروں کے قتل کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن بھی کیا گیا جس میں متعدد افراد کو حراست میں لیا گیا۔ لیاری کے علاقوں نیا آباد اور دھوبی گھاٹ میں فائرنگ سے 2افراد ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ سہراب گوٹھ اور لیاقت آباد سے بھی 2 افراد کی لاشیں ملیں جنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا گیا۔ انچولی موڑ کے قریب مسلح افراد نے گھات لگا کر ایک ایمبولینس اور ایک گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے 3 افراد جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے اور اس سے قبل بھی اس خاندان کے 2 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا ہے۔ فائرنگ کا اور ایک دلخراش و اندوہناک واقعہ پیش آیا لانڈھی کے علاقے میں جہاں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر کے فائرنگ کردی جس سے 3 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ پولیس حکام کے مطابق واقعہ صرف چپل کی ملکیت پر پیش آیا، شاہ لطیف ٹاوٴن میں بھی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔