18 مئی ، 2012
اسلام آباد … حسین حقانی کے وکیل زاہد حسین بخاری نے میمو کمیشن کی کارروائی کو غیر قانونی اور بلاجواز قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کمیشن کو کیس کے حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد مزید کارروائی کا کوئی اختیار نہیں۔ زاہد بخاری نے جیو نیوز کو بتایا کہ حتمی دلائل کے بعد میمو کمیشن کی کارروائی پر انہیں بھر پور اعتراضات ہیں، وہ کمیشن کی رپورٹ سامنے آنے پر اعتراضات سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔ زاہد بخاری نے موٴقف اپنایا کہ سیکریٹری کمیشن کو گواہ بنانا مذاق کے مترادف ہے، سیکریٹری کمیشن کو شہادتیں پیش کرنے کا اختیار نہیں۔ زاہد بخاری نے کہا کہ حسین حقانی سے جائیداد اور خفیہ فنڈ کے استعمال کی تفصیل مانگنا کمیشن کے دائرہ اختیار سے باہر ہے۔ کمیشن کی کارروائی کے بائیکاٹ کا فیصلہ حسین حقانی کے مشورے سے کیا۔