10 ستمبر ، 2015
کراچی..........صوبائی وزیر صحت جام مہتاب حسین ڈہر نے کہا ہے کہ صو بے میں فروری 2015سے ستمبر 2015تک ڈینگی وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1002ہے۔ اب تک اس وائرس سے متاثر ہونے والے 3مریض انتقال کر گئے ہیں۔
بدھ کو جاری ہو نے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ 31اگست سے 6ستمبر تک کراچی میں155، حیدر آباد میں3، لاڑکانہ میں3 اور گھوٹکی میں 1متاثرہ مریض سامنے آیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کی دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ تعاون اور بر وقت اقدامات کے باعث اس مرض سے متاثرہ افراد میں کمی آئی ہے اور سرکاری اسپتالوں میں بہتر علاج معالجے کی سہولیات کے باعث متاثرہ افراد کی اموات میں کمی بھی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ ڈینگی کنٹرو ل پرو گرام کے منیجر ڈاکٹر مسعود سولنگی نے بتایا کہ ڈینگی وائرس سے متعلق آگہی مہم پور ے زور و شور سے جاری ہے اور اس کا دائرہ حیدر آباد سمیت دیگر اضلاع میں شروع کر دیا گیا ہے۔