دنیا
12 ستمبر ، 2015

امریکا میں پاکستانیوں کی کامیابیوںپر فخر ہے،مرتضیٰ جاوید عباسی

امریکا میں پاکستانیوں کی کامیابیوںپر فخر ہے،مرتضیٰ جاوید عباسی

ڈیلس ......راجہ زاہد اختر خانزاہ ......قومی اسمبلی کے قائم مقام اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اتنے وسائل ہیں کہ اگر انکو صیح طور پر بروئے کار لایا جاتا تو آج کسی بھی پاکستانی کو ذریعہ معاش کی تلاش میں باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑتی ،ڈیلس میں پاکستانی کمیونٹی کے ممتاز رہنما عبدالحفیظ خان کی رہائش گاہ پر پاکستان کمیونٹی کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمندر پار کاکستانیوں کو ملک سے باہر رہتے ہوئے صدیاں بیت گئیں مگر باوجود اسکے ان میں وطن کی محبت کا جذبہ ہمیشہ سرشار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا جب ہم پاکستان سے باہر جاتے ہیں اور بیرون ملک رہنے والے پاکستانیوں کے کاموں اور کامیابیوں سے متعلق سنتے ہیں تو ہمارے سرفخر سے بلند ہوجاتے ہیں۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ ملک کو کرپشن کے ذریعہ لوٹا گیا اور اس کو دہشت گردی کے ذریعہ تباہ کیا گیا، تاہم پاکستان میں چائنہ کے اشتراک سے ترقیاتی جال بچھوانے کا جو منصوبہ چل رہا ہے اسکو وزیراعظم خود مانیٹر کررہے ہیں۔ پاکستان کو اس وقت سمندر پار پاکستانیوں کے سرمائے کی ضرورت ہے اور وہ حکومت پاکستان کی طرف سے آپ کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ آپ کا سرمایہ پاکستان میں محفوظ رہے گا۔ مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ وطن کی محبت کا جو جذبہ ہے اگر یہی جذبہ پاکستان میں رہنے والے پاکستانیوں میں پیدا ہوجائے تو ملک دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کرتاچلا جائے گا اورہمیں کسی بھی بیرونی امداد کی ضرورت پیش نہیں آئے گی۔ انہوں نے پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ اپنے سیاسی معاملات بالاتر رکھتے ہوئے ہمیشہ پاکستان اور ملک کے مفادات کو سامنے رکھ کرفیصلہ کریں۔ اس موقع پر قونصلیٹ جنرل پاکستان افضال محمود تقریب کے میزبان ،عبدالحفیظ خان،وقار خان،ندیم نے اسپیکر قومی اسمبلی کاخیر مقدم کیا۔پاکستان سوسائٹی کے رہنمائوں برکت بسریا،ندیم زمان نے اسپیکر قومی اسمبلی اورانکے ہمراہ آئے ہوئے سینیٹر آغاز شہباز درانی کو شیلڈ اور پاکستانی پرچم اور امریکن پرچم کے بیج پیش کیئے بعدازاں مہمانوں کے اعزاز میں ایک پرتکلف عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔

مزید خبریں :