14 ستمبر ، 2015
ویانا.......آسٹریا نے مہاجرین کی آمد کے بحران کے باعث آسٹریا سے ہنگری جانے والی موٹروے بند کر دی ۔ دوسری طرف جرمنی نے بھی اپنی سرحدی راہداری بند کرتے ہوئے بارڈر کنٹرول نظام کو بحال کر دیا ہے ۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق پیر کو آسٹریا نے ہنگری کی طرف جانے والی اپنی موٹروے کو ٹریفک کی آمدورفت کیلئے بند کر دیا ہے ۔ آسٹرین روڈ آپریٹر ایسفناگ کے مطابق موٹروے کو بڑی تعداد میں مہاجرین کی متوقع آمد کے باعث بند کیاگیا جبکہ معمول کی ٹریفک کو دوسری طرف موڑ دیا گیا ہے ۔
پیر کو آسٹریا کے وزیر خارجہ سیستین کروز کے مطابق اگر آسٹریا نے جرمنی کی طرح اقدامات کرتے ہوئے اپنا بارڈر چیک نظام دوبارہ شروع نہ کیا تو چند دنوں میں مہاجرین کی آمد حد سے تجاوز کر جائیگی کیونکہ اگر موٹروے بند نہ کریں تو ہر روز 10ہزار مہاجرین آسٹریا میں قیام پذیر ہونے پہنچ جائیں گے ۔ کیونکہ انکے لیے آسٹریا جرمنی پہنچنے سے قبل آخری پرکشش قیام گاہ ہے ۔