14 ستمبر ، 2015
بیروت.......برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون غیر اعلانیے دورے پر لبنان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے شامی مہاجرین کے ایک کیمپ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے عہد کیا کہ ان بے گھر افراد کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون پیر کو اچانک لبنان میں قائم شامی مہاجرین کے ایک کیمپ پہنچ گئے۔ ان کا یہ دورہ برطانوی حکومت کی مہاجرین کے ساتھ یک جہتی کے تناظر میں انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔ کیمرون نے کہا کہ عالمی برداری کی طرف سے زیادہ مدد سے یورپ کو مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے میں مدد مل سکے گی۔انھوں نے اس موقع پر لبنانی وزیر اعظم تمام صائب سلام سے ملاقات بھی کی۔
کیمرون نے شامی مہاجرین کی برطانیہ میں آباد کاری کے لیے رچرڈ ہیرنگٹن کو بطور خصوصی وزیر بھی تعینات کر دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ آئندہ پانچ سالوں کے دوران بیس ہزار شامی مہاجرین کو برطانیہ میں پناہ دی جائے گی۔اور رچرڈ ہیرنگٹن مہاجرین کی برطانیہ میں آبادکاری کے حوالے سے ایک مکمل پروگرام تیار کریں گے
وزیراعظمکیمرون نے یہ اعلان بھی کیا کہ شامی مہاجرین کی امداد کے لیے دی جانے والی 100 ملین پاؤنڈ کی امداد کس طرح خرچ کی جائے گی۔ گزشتہ ہفتے ہی اس امدادی رقم کا اعلان کیا تھا۔
لبنانی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کیمرون نے اعتراف کیا کہ شامی تنازعہ ایک بہت بڑے انسانی المیے کا باعث بن رہا ہے۔برطانوی حکومت نے 2011ء سے اب تک تقریبا پانچ ہزار شامی مہاجرین کو پناہ دی ہے۔ تاہم یہ تعداد جرمنی، فرانس اور سویڈن میں پناہ حاصل کرنے والے مہاجرین کی تعداد سے انتہائی کم ہے۔