15 ستمبر ، 2015
واشنگٹن........ امریکہ کے ایک اعلیٰ فوجی عہدیدار نے 2008ء میں جارجیا پر حملے کے بعد روسی فضائیہ کی قوت میں خطرناک حد تک اضافے کو تشویشناک قراردیا ہے۔
یورپ میں تعینات امریکی فضائی دستوں کے کمانڈر جنرل فرینک گورینک نے ایئرفورس ایسوسی ایشن کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ روس نے گزشتہ چند سال کے دوران کریمیا جیسے علاقوں کے آس پاس فضائی دفاع کی صلاحیت میں زبردست اضافہ کر لیا ہے اور اس نے اپنے لڑاکا اور ڈرون طیاروں کی تعداد اور استعداد میں اضافے کے اقدامات کئے ہیں جن کے نتیجہ میں امریکا اور اسکے اتحادیوں کی روس پر فضائی قوت کے حوالہ سے برتری تیزی سے کم ہو رہی ہے۔
جنرل فرینک نے روس کی طرف سے فضائی فوج میں سرمایہ کاری اور زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائلوں کی تیاری کو خطرناک قرار دیا،اور کہ روس نے کریمیا پر 2014ء میں زبردستی قبضہ کیا اور پولینڈ اور لیتھونیا کے درمیان واقع اپنے علاقے کیلنین گراڈ کے گرد دفاعی حصار کو بے حد مضبوط بنا لیا ہے۔