دنیا
16 ستمبر ، 2015

داعش سے تعلق:چار بھارتیوں کویواے ای سے واپس بھیج دیا گیا

داعش سے تعلق:چار بھارتیوں کویواے ای  سے واپس بھیج دیا گیا

نئی دہلی.......بھارت کی جنوبی ریاست کیرالہ سے تعلق رکھنے والے چار نوجوانوں کو شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے ساتھ مبینہ تعلق کی وجہ سے متحدہ عرب امارات سے واپس بھیج دیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چار مزید افراد کو یواے ای سے واپس بھارت بھیجے جانے کی بات کی جا رہی ہے۔حکام کے مطابق کیرالہ کے کوزیکوڈ اور تھیرو وننتھاپورم ہوائی اڈوں پر اترنے کے بعد ان نوجوانوں کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

اخبار دی ہندو کے مطابق ان چار نوجوانوں میں ایک ہندو بھی شامل ہے جس پرداعش کا حامی ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان نوجوانوں کی واپسی 37 سالہ افشاں جبیں عرف نکی جوزف کی وطن واپسی کے بعد ہوئی ہے جنھیںداعش کیلئے نوجوانوں کی مبینہ تقرری کے لیے بھارت واپس بھیجا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے مطابق یہ اقدام دہشت گردی کے خلاف بھارت ،یواے ای تعاون کے نتیجے میں ممکن ہو سکا ہے۔حکام کے مطابق واپس بھیجے جانے والے چاروں نوجوانوں کا ابھی تک دولت اسلامیہ سے براہ راست کوئی تعلق نظر نہیں آیا تاہم ان پر دولت اسلامیہ کے انقلابی لٹریچر کو فیس بک پر حاصل کرنے اور اس کی ترسیل کرنے کا الزام ہے۔

مزید خبریں :