صحت و سائنس
19 مئی ، 2012

کمر درد کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہئے، ڈاکٹرز

کمر درد کو معمولی سمجھ کر نظر انداز نہیں کرنا چاہئے، ڈاکٹرز

اسلام آباد … ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ کمر درد کو معمولی سمجھتے ہوئے نظر انداز نہیں کرنا چاہئے، یہ مرض دنیا بھر میں تیزی سے بڑھ رہا ہے اس کا 90 فیصد علاج مریض کے اپنے اختیار میں ہوتا ہے۔ اسلام آباد میں کمر درد کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے معروف معالج ڈاکٹر شبیر احمد اعوان نے کہا ہے کہ دنیا میں کمر درد کا مرض تیزی کے ساتھ بڑھ رہا ہے جس کیلئے مناسب توجہ کی ضرورت ہے۔ اسلام آباد کے اسپتال میں شہریوں کیلئے کمر درد سے متعلق فری لیکچر کا انعقاد کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ سیمینار سے خطاب میں ڈاکٹر شبیر احمد اعوان نے کہا کہ کمر درد کی بڑی وجوہات میں وزن بڑھنا، ورزش نہ کرنا،بیٹھنے کیلئے غیر معیاری کرسی اور سونے کا غلط طریقہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین میں کمر درد کی ایک بڑی وجہ اونچی ایڑھی والے جوتوں کا استعمال ہے۔ ڈاکٹر شبیر احمد اعوان نے کہا کہ کمر درد 4طرح کا ہو تا ہے اور 90 فیصد علاج مریض کے اپنے اختیار میں ہو تا ہے جبکہ 10 فیصد میڈیکل کے ذریعے کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمر درد میں مبتلا مریض فوری طور پر اپنا وزن کم کریں، ورزش کو باقاعدہ معمول بنائیں۔

مزید خبریں :