23 ستمبر ، 2015
اسلام آباد......رینجرز اورپولیس نے اسلام آباد میں مشترکہ کارروائی کرکے مشکوک گاڑی سے اسلحہ اور فوجی وردیاں برآمد کرکے 2افراد دکو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتارملزمان لال مسجد والے غازی عبدالرشید کے بیٹے ہیں۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق مشکوک گاڑی کو روکا گیا تو گاڑی میں سے اسلحہ اور فوجی وردیاں برآمد ہوئی ہیں۔ ملزمان ہارون رشید اورحارث رشید کوگرفتارکر لیا جو لال مسجد کے غازی عبدالرشید کے بیٹے ہیں۔
غازی عبدالرشید2007میں فوجی آپریشن کے دوران جاں بحق ہو گئے تھے۔ گرفتار ملزمان کوتھانہ کوہسارمنتقل کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔
ترجمان لال مسجد حافظ احتشام کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ غازی عبدالرشید کے دونوں بیٹے لال مسجد آپریشن کیس میں پرویز مشرف کے خلاف مدعی تھے ، دونون بیٹوں پر عرصہ دراز سے مقدمے سے دستبردار ہونے کا دبائو ڈالا جا رہا ہے ۔دونوں بھائیوں کی گاڑی سے 1 لباس برآمد ہوا ہے جو فوجی وردی نہیں، جو پستول برآمد ہوا اسکا لائسنس موجود ہے۔