08 اکتوبر ، 2015
برلن......ایک جرمن ٹی وی چینل نے اپنے پروگرام میں چانسلراینجیلا مرکل کی برقعہ یا حجاب پہنے ہوئے تصویر ٹیلی کاسٹ کردی جس پر اسے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جرمنی کے نیوز چینل اے آر ڈی نے اپنی ہی چانسلر اینجیلا مرکل کو برقعہ اوڑھے دکھایا ہے جس پر اسے سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اینجیلا مرکل کی اس تصویر میں ان کی پشت پر مینار دکھائی دے رہے ہیں جس پر جرمنی کا جھنڈا لہرا رہا ہے۔ ناظرین نے چینل کی اس حرکت کیخلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مسلم مخالف جذبات بھڑکانے کی مذموم کوشش کر رہا ہے۔
جرمن چانسلرا ینجیلا مرکل نے مہاجرین کے حق میں کافی نرم پالیسی اختیار کی ہے جس پر انھیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
نیوز چینل کی اس حرکت کے خلاف ایک ناظر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اے آر ڈی کا یہ اقدام اچھی صحافت نہیں ہے۔
ایک اور فیس بک صارف نے لکھا کہ اینجیلا مرکل کی یہ تصویر جرمنی میں مسلم مخالف لوگوں کی عکاس ہے جس کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔