09 اکتوبر ، 2015
نئی دہلی....... سعودی پولیس نے بھارتی ملازمہ کا ہاتھ کاٹنے والی خاتون کو گرفتار کرلیا۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق ریاست تامل ناڈو سے تعلق رکھنے والی55 سالہ کستوری منی رتھینم دو ماہ قبل حصول روزگار کے لئے ایجنٹ کے ذریعے سعودی عرب گئی تھی جہاں وہ ایک ایسے گھر میں ملازمہ تھی جس میں تمام خواتین رہتی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق کستوری نے تشدد اور بد سلوکی کے باعث اس گھر سے بھاگنے اور متعلقہ انتظامیہ کو اپنے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کی شکایت کرنے کی کوشش کی ۔
لیکن پکڑے جانے پر اس کی مالکن نے اس کوتشدد کا نشانہ بنانے کے بعد اس کا دایاں ہاتھ کاٹ دیا اور اس سے قبل کئی روز سے اس کو کھانا بھی نہیں دیا گیا تھا۔ بھارتی وزارت خارجہ نے اس واقعہ کی سعودی حکومت سے شدید مذمت کی ہے اور ذمہ دار خاتون کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
زخمی خاتون اس وقت دارلحکومت کے ایک ہسپتال میں زیرعلاج ہے اس کے خاندان والوں کے مطابق تشدد کے نتیجے میں کستوری کی ریڑھ کی ہڈی بھی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔