13 اکتوبر ، 2015
انقرہ........آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ترکی کے صدر اور وزیراعظم سمیت اعلیٰ ترین قیادت سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے پاکستان ترکی کی مدد کو تیار ہے۔
آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ترکی کے تین روزہ سرکاری دورے کے دوسرے دن ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ترک وزیر اعظم، وزیر دفاع اور چیف آف جنرل اسٹاف سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ترک قیادت نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے ترک قیادت کو یقین دلایا کہ ترکی کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے پاکستان ہر قسم کی مدد کرنے کو تیار ہے۔ ترک قیادت نے دوطرفہ دوستانہ تعلقات کو مضبوط تر کرنے کی ضرورت پر زور دیا، جبکہ دفاعی تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔