16 اکتوبر ، 2015
واشنگٹن ........ امریکہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نوازشریف اور صدر باراک اوباما کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان جوہری معاہدے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
دونوں ممالک جوہری سلامتی کی اہمیت کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں ،ملاقات کے دوران یہ معاملہ بھی زیر غور آئیگا۔ وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے پاکستانی وزیر اعظم نواز شریف اور امریکی صدر براک اوباما کی ملاقات میں جوہری معاہدے پر بات ہوگی تاہم جوہری معاہدہ ہونے کا کوئی امکان نہیں۔
وائٹ ہائوس کے پریس سیکرٹری جوش ارنسٹ نے امریکی میڈیا میںگردش کرنے والی خبروں کے حوالے سے کہا کہ عوامی سطح پر امریکا اور پاکستان کے درمیان جوہری معاہدے کے حوالے سے جو باتیں کی جارہی ہیں، حقیقت اس سے مختلف ہے،بیان کے مطابق امریکا اور پاکستان جوہری سلامتی کی اہمیت کے حوالے سے مسلسل رابطے میں ہیں اور ان کے خیال میں نواز شریف اور براک اوباما کے درمیان ملاقات میں بھی یہ معاملہ زیر غور آئے گا۔