دنیا
25 اکتوبر ، 2015

اقلیتوں پر ظلم،ایسا بھارت دیکھ کر سر شرم سے جھک گئے،سابق بھارتی نیول چیف

اقلیتوں پر ظلم،ایسا بھارت دیکھ کر سر شرم سے جھک گئے،سابق بھارتی نیول چیف

نئی دہلی........بھارت میں شیو سینا کی غنڈہ گردیاں بڑھیں اور اقلیتوں پر ناانصافیوں کے پہاڑ ٹوٹنے لگے تو بھارت کے سابق نیوی چیف بھی خاموش نہ رہ سکے۔ بولے، ایسا بھارت دیکھ کر ہمارے سر شرم سے جھک گئے، ساتھ ہی ایڈمرل رام داس نے بھارتی صدر اور وزیر اعظم کو کھلا خط لکھ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرادیا۔

کینہ پرور بھارت کی مسلمانوں اور دوسری اقلیتوں کے خلاف نا انصافیاں بڑھیں تو بھارت کے سابق نیول چیف ایڈمرل لفٹننٹ رام داس نے بھارتی صدر پرناب مکھرجی اور وزیر اعظم نریندر مودی کو کھلا خط لکھ دیا۔ سابق نیوی چیف نے لب کھولے تو کھل کر بولے اپنے کھلے خط میں لکھا۔

اقلیتوں اور اور دلتوں پر حملے بند کیے جائیں اور عوام کا جمہوریت پر اعتماد بحال کیا جائے۔ رام داس نے لکھا کہ آج اسی سال کی اس پختہ عمر میں جب میں اپنے شہریوں ، خاص طور پر اقلیتوں اور دلتوں کے ساتھ ناانصافیوں کے لگاتار واقعات دیکھتا ہوں تو میرا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔

انہوں نے لکھا کہ آج ایک مسلمان کو اپنی وفاداری ثابت کرنا پڑتی ہے۔ اور بار بار ان کی عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ نہ صرف یہ بلکہ ان کی کھانے پینے کی عادات اور دوسری بنیادی آزادیوں پر بھی حملے کیے جاتے ہیں۔

ایڈمرل لفٹننٹ رام داس نے پندرہ سال کی عمر میں نیوی جوائن کی اور انیس سو نوے سے انیس سو ترانوے کے درمیان بھارتی نیوی کے سربراہ رہے۔

مزید خبریں :