پاکستان
25 اکتوبر ، 2015

بلدیاتی الیکشن کی شفافیت کی نگرانی کی اجازت دی جائے، فافن

بلدیاتی الیکشن کی شفافیت کی نگرانی کی اجازت دی جائے، فافن

اسلام آباد.......وفاقی حکومت نے فری اینڈ فیئرالیکشن نیٹ ورک (فافن ) کی طرف سے بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کے لیے مبصرین کواجازت دینے کے مطالبے کی حمایت کردی ہے اور الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ فافن کے مبصرین کو بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کی اجازت دی جائے۔

فافن نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو درخواست دی تھی کہ سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے موقع پراسکے تین ہزار کے قریب مبصرین کو انتخابات کی شفافیت کی نگرانی کی اجازت دی جائے، مگر الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اس درخواست کے جواب میں فافن کو اپنے مبصرین کی سیکیورٹی کلیر نس کی ہدایت دی ۔

فافن کے سربراہ مدثر رضوی کا کہنا تھا کہ 8سال میں کبھی سیکیورٹی کلیرنس کا مطالبہ نہیں کیا گیا ، سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے ایک ہفتہ پہلے ایسا مطالبہ کرنا انتخابات کی نگرانی سے روکنے کے مترادف ہے، جس سے ان انتخابات کی شفافیت پر سوالیہ نشان لگ جائے گا۔

اب وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں فافین اور ایچ آر سی پی جیسے مبصر ادارے اہم کردار ادا کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کو انتخابی شفافیت کا عزم آگے بڑھانے کےلیے الیکشن آبزرورز کو سہولت فراہم کرنے کی ضرورت ہے، سیکورٹی کلیرنس کے طریقہ کار کو آسان اور مربوط بنانا چاہیے۔

وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے، جمہوری حکومت مکمل شفافیت کو یقینی بنانے کےلیے پر عزم ہے۔

مزید خبریں :