26 اکتوبر ، 2015
دبئی....... دبئی ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ جاری ہے، پاکستانی بیٹنگ پاور ہائوس نے دبئی کی وکٹ پر رنز کے ڈھیر لگا کر انگلینڈ کو جیت کے لئے مشکل ترین ہدف دیا ہے۔
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں انگلینڈ نے 130رنز 3کھلاڑی آئوٹ سے اننگز آگے بڑھائی، جو روٹ 59اور بیرسٹونے 6رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا۔
ابوطبی ٹیسٹ میں جیت کے قریب آکر جیت سے محروم رہنے والی انگلش ٹیم کو دبئی ٹیسٹ کے آخری دن پاکستانی بولروں کے خلاف تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔ پاکستانی ٹیم کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرنے کے لئے مزید 7 وکٹیں درکار ہیں جبکہ انگلش ٹیم کو فتح کے لئے361 رنز کا ہمالیہ سر کرنا ہوگا۔
کھیل کے چوتھے روز کھانے کے وقفے کے بعد پاکستان نے 354 رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر اپنی اننگز ڈکلیئر کر دی تھی اور انگلینڈ کو جیت کے لیے491رنز کا ہدف دیا تھا۔ ٹیسٹ کرکٹ میں اب تک کسی ٹیم نے اتنا بڑا ہدف عبور نہیں کیا ہے۔
ای ین بیل کھیل ختم ہونے سے قبل46رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ انہوں نے جو روٹ کے ساتھ تیسری وکٹ پر102رنز کی شراکت قائم کی۔ بیل نے162منٹ مزاحمت کی اور چار چوکے مارے۔ انہوں نے 122گیندوں کا سامنا کیا۔
اوپننگ بیٹسمین معین علی صرف ایک رن بنا کر عمران خان کی گیند پر یونس خان کو کيچ دے بیٹھے، پھر کپتان الیسٹر کک یاسر شاہ کی ایک گیند کو سویپ کرتے ہوئے وہاب ریاض کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کی طرف سے عمران خان، یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔